Download http://bigtheme.net/joomla Free Templates Joomla! 3
Home / اہم ترین / وطن واپسی؛ نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ ابوظہبی پہنچ گئے

وطن واپسی؛ نواز شریف صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ ابوظہبی پہنچ گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن سے ابوظہبی پہنچ گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج نجی ایئرلائن کی پرواز ای وائے 423 کے ذریعے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور کے لیے روانہ ہوئے، ابوظہبی میں مختصر قیام کے بعدنجی پرواز کے ذریعے لاہور روانہ ہوں گے اور آج شام پونے سات بجے لاہور ایئرپورٹ پر اتریں گے۔
پرواز کے دوران مریم نواز نے اپنے والد نوازشریف کا ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس میں نواز شریف نے کہا پاکستان ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہےمیں یہ قربانی آپ کی نسلوں اور پاکستان کے مستقبل کے لیے دے رہاہوں۔
استقبال کی تیاریاں

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی اور گرفتاری کے حوالے سے انتظامیہ نے بھرپور تیاری کررکھی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھی چلو چلو ائیر پورٹ کے نعرے پر لبیک کہتے ہوئے لاہوری دروازے جمع ہونا شروع ہوچکے ہیں۔ صبح سے ہی لاہور کے افق پر گھنے کالے سیاہ بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش کی آنکھ مچولی جاری ہے. لیکن ایئر پورٹ چلو کے نعرے نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے خون گرما دئیے ہیں اور کارکن دھوپ اور بارش کی پرواہ کیے بغیر اپنے قائد کے استقبال کے لئے پرجوش نظر آرہے ہیں۔
مسلم لیگ(ن)کے خلاف کریک ڈاؤن

ایک جانب مسلم لیگ (ن) کے کارکن نوازشریف کے استقبال کے لیے پرجوش ہیں تو دوسری جانب پنجاب میں (ن) لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لاہور کے علاقے فیروزوالا میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران شاہدرہ فیروزوالا فیکٹری ایریا میں پولیس نے 50 متوالے گرفتار کر لیے، اعوان ٹاؤن یوسی 105 کے وائس چیئرمین خالد حبیب خان اور کونسلر چوہدری خادم حسین گجر کے گھر پربھی پولیس کے چھاپے جب کہ اعوان ٹاؤن سے مسلم لیگ یوتھ ونگ لاہور کے نائب صدر میاں ذوہیب منظورکو گرفتارکرلیاگیا۔
راولپنڈی پولیس نے گزشتہ رات مسلم لیگ (ن) کے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا ہے۔ فیصل آباد میں پولیس نے رات بھر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک سو سے زائد کارکن گرفتار کرلیے۔ کینال پارک میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا اشفاق چاچو کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا تاہم وہ بچ نکلے، بہاولپورمیں سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمن کے گھر کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا اور تمام دروازے بند کر کے پولیس اہلکار کھڑے کر دیے گئے۔
پولیس سیکیورٹی

نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور ایئرپورٹ آمد سے قبل ایئرپورٹ پر پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی موجودہیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 6 ایدھی ایمبو لینسز بھی پہنچ چکی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لیگی کارکنان کو ایئر پورٹ سے دو کلو میٹر کے فصلے پر روکا جائے گا۔ پولیس اور رینجرز کے جوان کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر راوی پل پر پہنچ گئے، پل پر گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنان کے بڑی تعداد میں آنے پر راستے مکمل بند کر دئے جائیں گے۔
نیب کی تیاریاں

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے لیے وارنٹ کے مطابق عملدرآمد ہوگا اور رکاوٹ ڈالنے والوں کےخلاف کارروائی کریں گے۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کے لیے نیب کی حتمی ٹیم تیار ہے، ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹر امجد علی اولکھ کریں گے، مریم نواز کی گرفتاری کے لیے دو خواتین افسر حفضہ شیخ اور حاجرہ فرخ سعید بھی ساتھ جائیں گی، دیگر افسران میں چوہدری اصغر، اللہ رکھا سلطان نزیر احمد رضا اور کیس کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر بھی شامل ہوں گے۔ ٹیم کے ہمراہ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران بھی موجود ہو گے مجموعی طور پر 16 رکنی ٹیم لاہور ایئر پورٹ جائے گی۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم کامقصد نجی ایئرلائن کوپاکستانی ایمبیسی کے ذریعہ بتاناہے کہ نوازشریف اور مریم نوازکرپشن کیس میں سزا یافتہ ہیں، نیب کی جانب سے دونوں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں، نیب ٹیم نوازشریف اور مریم نواز دونوں کوگرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کرے گی۔
پولیس اہلکاروں کی تعیناتی

نواز شریف اور مریم نواز کی لاہور آمد سے قبل ایئر پورٹ پر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی شروع کر دی گئی، اس کے علاوہ مال روڈ چیئرنگ کراس پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی روڈ بند کرنے کے احکامات موصول نہیں ہوئے لہٰذا ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق جاری ہے۔ مال روڈ، چیئرنگ کراس،یتیم خانہ، لوہاری گیٹ سمیت شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں۔
موبائل سروس بند

نواز شریف کی واپسی پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سیکیورٹی حکام نے وزارت داخلہ کو موبائل فون سروس بند کرنے کے لیے مراسلہ لکھ دیاہے۔ مراسلہ سیکریٹری وزارت داخلہ کے نام لکھا گیا، مراسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کرنے کی ہدایات کی گئی ہے، اس کے علاوہ سیکیورٹی کے پیش نظر دوپہر 3 بجے سے رات گیارہ بجے تک سروس معطل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔مراسلے کے متن کے مطابق لاہور ایئرپورٹ، والڈ سٹی لاہور، شاہدرہ، برکی ہڈیارہ اور نواب ٹاؤن ایریا میں سروس معطل کی جائے۔
نواز شریف کی والدہ سے دعا کی درخواست

نواز شریف نے لندن سے روانگی سے قبل بذریعہ ٹیلی فون اپنی والدہ سےرابطہ کیا اورانہیں پاکستان آنے کے حوالے سے آگاہ کیااور ان سے پاکستان آنے کی اجازت لی۔ نواز شریف کی والدہ نےاپنے بیٹے اورپوتی مریم صفدر کے لیے خصوصی دعا بھی کی اس کے علاوہ نواز شریف کے لندن والی رہائش گاہ سے نکلنے سے قبل قرآن کی تلاوت کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اہلیہ سے ملاقات

نواز شریف نے لندن سے روانگی سے قبل اسپتال میں اپنی اہلیہ کلثوم نواز سے ملاقات کی اور ان کے سر پر ہاتھ رکھا، اس موقع پر ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

About Admin

Check Also

آرمی چیف سے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل باقری کی ملاقات

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: